وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی ملت ٹریکٹرز کے سی ای او سکندر مصطفیٰ سے ملاقات

10

اسلام آباد،18فروری(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ملت ٹریکٹرز کے سی ای او سکندر مصطفیٰ سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان کے آٹو اور ٹریکٹر سیکٹر کے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار کیپٹن (ر) سیف انجم بھی اجلاس میں شریک تھے۔

ملاقات کے دوران مجوزہ آٹو پالیسی، ٹریکٹر پالیسی اور انجینئرنگ سیکٹر میں مقامی مینوفیکچرنگ اور انڈیجنائزیشن کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں جامع اور مستقبل بین آٹو اور ٹریکٹر پالیسی جلد پیش کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ اس پالیسی کی تیاری میں آٹو سیکٹر کو درپیش تمام چیلنجز اور مسائل کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ ایک متوازن اور ترقی پر مبنی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

حکومت کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کا آٹو سیکٹر بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے اور مقامی مینوفیکچرنگ اور انڈیجنائزیشن کے فروغ کے ذریعے نمایاں ترقی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد صنعتوں کو بااختیار بنانا، مقامی پیداوار کو مستحکم کرنا اور برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

سی ای او ملت ٹریکٹرز سکندر مصطفیٰ نے آگاہ کیا کہ کمپنی نے ٹریکٹر سازی میں 90 فیصد لوکلائزیشن کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملت ٹریکٹرز نے برآمدی صلاحیت بھی حاصل کر لی ہے اور اس وقت بین الاقوامی منڈیوں میں ٹریکٹرز برآمد کر رہی ہے، جو پاکستان کی انجینئرنگ صنعت کی مضبوطی اور مسابقتی صلاحیت کا مظہر ہے۔

معاونِ خصوصی نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ آٹو اور ٹریکٹر سیکٹر کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے جامع مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایک جامع، عملی اور پائیدار صنعتی ترقی کے حامل پالیسی فریم ورک کی تشکیل ممکن ہو سکے۔