وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کاسکیورٹی فورسز کیلئے10ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے ،میرسرفرازبگٹی

9

کوئٹہ،10 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کوئٹہ آمد بلوچستان کے عوام کے لیے باعثِ عزت اور حوصلہ افزا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کوئٹہ آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے وزیراعلیٰ ہاؤس کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مخلوط حکومت قائم ہے جبکہ جماعت اسلامی، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی بھی حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات قائم ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ اس بھائی چارے کی عملی مثال ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے امید ظاہر کی کہ بین الصوبائی تعاون سے بلوچستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جائے گا، پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔