کوئٹہ،10 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بطور پاکستانی، وزیراعلیٰ پنجاب اور ایک بہن کے طور پر پنجاب، بلوچستان کو ہر ممکن تعاون، وسائل اور سپورٹ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے،بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے استقامت کی ضرورت ہے اور ان حالات میں صوبے کو چلانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلوچستان آمد پر جس شفقت اور عزت کے ساتھ استقبال کیا گیا اس پر وہ گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور حکومت بلوچستان کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد یہ ان کا کسی دوسرے صوبے کا پہلا دورہ ہے۔انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کا عزم قابلِ تحسین ہے، جسے دیکھ کر ان کا حوصلہ بلند ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر حکومتی چیلنجز کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہر سطح پر بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان سے جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا اور یہ صوبہ امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔











