لاہور، 23 فروری(اے پی پی): پنجاب اسمبلی میں نئے پارلیمانی سال کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جبکہ آج نئے پارلیمانی سال کے لیے کیلنڈر بھی جاری کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ و صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے میڈیا کو گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی اور مجموعی طور پر 143 ایکٹس منظور کروائے گئے۔ پہلے سال 28 جبکہ دوسرے سال 115 ایکٹس کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ قوانین میں 63 بنیادی اور 80 ترمیمی ایکٹس شامل ہیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اور بصیرت کے باعث پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ترقی پسند صوبہ بن کر ابھرا ہے۔ تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، زراعت، ماحولیات اور جنگلی حیات سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروائی گئیں اور ان کے مؤثر نفاذ کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی گئی۔ پرانے قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین نے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کیا جبکہ اپوزیشن کا کردار پہلے سال مایوس کن رہا، تاہم دوسرے سال اس کے رویے میں بہتری آئی۔ گزشتہ دو سال میں منظور ہونے والے بیشتر قوانین کا براہِ راست تعلق عوامی فلاح سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول آف کموڈیٹیز ایکٹ کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول ممکن ہوا جبکہ انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن کے لیے پیرا اتھارٹی قائم کی گئی۔ اوورسیز پاکستانی پراپرٹی ایکٹ کے تحت فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔ پنجاب سہولت بازار ایکٹ، فرٹیلائزر ایکٹ اور کنٹرول آف نارکوٹکس قوانین کو اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور رواں سال کے اختتام تک بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی پوزیشن میں ہوں گے۔ پراپرٹی ایکٹ کے تحت عوام کو نمایاں ریلیف ملا جبکہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کو کامیاب قرار دیا گیا۔ماحولیات کے شعبے میں قانون سازی کے باعث سموگ میں نمایاں کمی آئی ہے اور جنگلات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات کی ری اسٹرکچرنگ اور فارسٹ ایریا میں اضافے پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی کی شرح ڈبل ڈیجٹ سے سنگل ڈیجٹ پر آئی اور گزشتہ رمضان کی نسبت اس رمضان قیمتیں مستحکم رہیں۔انہوں نے بتایا کہ “ائیر پنجاب” منصوبے پر کام جاری ہے اور اگلے سال صوبے کو معیاری ایئر لائن فراہم کی جائے گی۔ پنجاب میں خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد دیگر صوبوں سے کم ہے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے کسان کارڈ، تھی رانی پروگرام، مائنارٹی کارڈز اور دیگر فلاحی اسکیموں کا اجرا کیا گیا۔ رواں سال رمضان نگہبان پروگرام کے تحت 40 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں، جو ایک ریکارڈ اقدام ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دو سال میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے جتنی کارکردگی دکھائی، وہ ماضی میں کسی اور وزیر اعلیٰ کے دور میں دیکھنے میں نہیں آئی۔











