لنڈی کوتل، 8 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ لنڈی کوتل ، ضلع خیبر آمد ،وزیرِ داخلہ نے شہید کیپٹن عباس کے والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید کیپٹن عباس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے –
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ ہی قوم کا جذبہ بڑھاتا ہے، آپ کے بلند عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔شہید کیپٹن عباس کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین و مشران سے بھی ملاقات کی۔
قبائلی عمائدین اور مشران نے مسلح افواج کا ہر قیمت پر ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہید کیپٹن عباس کے نقش قدم پر چلیں گے اور دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔











