اسلام آباد، 8 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے نمازیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ اللّہ پاک انہیں مکمل شفا عطا فرمائے۔
محمد حنیف عباسی نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے بھی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّہ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کو مزید متحد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کسی مذہب یا قوم سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے زخمیوں کی عیادت کے دوران لواحقین کی شکایات بھی سنیں اور ان کے حل کے لیے فوری طور پر احکامات جاری کیے۔











