وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج 2026 پر عملدرآمد اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

8

اسلام آباد۔18فروری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ کی زیر صدارت  رمضان ریلیف پیکیج 2026 پر عملدرآمد اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا، وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سٹیٹ بینک آج سے رمضان ریلیف رقوم کی کریڈٹنگ فوری طور پر شروع کرے اور سٹیٹ بینک  یکم رمضان کو تمام بینکوں کی مکمل آپریشنل دستیابی یقینی بنائے تاکہ مستحقین کو بلا تعطل رقوم کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ مستحقین کے بقایا بینک اکاؤنٹس بھی ترجیحی بنیادوں پر کھولے جائیں۔

  سید عمران احمد شاہ نے  رابطے اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے فوکل پرسنز پر مشتمل واٹس ایپ گروپ قائم کرنے اور دن میں دو بار پیشرفت سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی  بھی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے رمضان ریلیف پیکیج کی ڈسبرسمنٹ کی مانیٹرنگ کے لئے قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کے ذریعے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

 ڈیش بورڈ کے مطابق اب تک تقریباً دو لاکھ کالز موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 95ہزار سے زائد کالز آئی وی آر کے ذریعے نمٹائی گئیں جبکہ 23ہزار کے قریب کالز کال ایجنٹس نے براہِ راست سنبھالیں۔

وفاقی وزیر نے بی آئی ایس پی کو ہدایت کی کہ کنٹرول روم کو کم از کم رمضان کے پہلے عشرے میں چوبیس گھنٹے، سات دن فعال رکھا جائے۔اجلاس میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)، سٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارتِ اطلاعات و نشریات، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) اور بینکوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔