وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت پاکستان قازقستان تعلیمی تعاون میں اہم پیش رفت

12

اسلام آباد، 20 فروری (اے پی پی): وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے جمہوریہ قازقستان کے وزیر برائے سائنس و اعلیٰ تعلیم سایاسات نوربیک کی قیادت میں 25 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی کی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران پاکستانی اور قازق اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان آٹھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں قائداعظم یونیورسٹی، نَسٹ، آئی آئی یو آئی، جی آئی کے آئی، نمل، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز شامل ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت دوطرفہ اجلاس میں، ہائر ایجوکیشن کمیشن، وزارتِ خارجہ اور پاکستانی جامعات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، طبی تعلیم، تحقیق، انوویشن اور تعلیمی تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید برآں قائداعظم یونیورسٹی میں الفارابی سینٹر، نَسٹ میں ستبایف سینٹر اور آئی آئی یو آئی میں اخمت یسوی سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ دونوں ممالک نے تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کو دوطرفہ شراکت داری کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔