وفاقی وزیر داخلہ،وزیر اعلیٰ بلوچستان و کور کمانڈر کی  زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت

16

کوئٹہ، یکم فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے اور جرات کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے شیروں کی طرح دہشتگردوں کے حملوں کا مقابلہ کیا اور انہیں ناکام بنایا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ناکام بنانے پر وہ اہلکاروں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ہمارے شیر ہیں اور قوم آپ کے ساتھ ہے۔

‎زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحت یاب ہو کر دوبارہ اس فتنے کے خلاف لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے جذبے بلند اور عزم پختہ ہیں، اور وہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو نیست و نابود کریں گے۔ زخمی اہلکاروں نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ناسور کے خاتمے کے لیے ان کی اور ان کے بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں۔