اسلام آباد،12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چوہدری سے امریکہ کے محکمہ خارجہ کےمعاون وزیر برائے جنوبی و وسطی ایشیا جان مارک پومرشائم نے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔
امریکی وزیر نے اسلام آباد اور کوئٹہ کے حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انسدادِ دہشت گردی خصوصاً داخلی سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں مائننگ،منرلز اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی تعاون ناگزیر ہے اور اس ضمن میں امریکہ کے ساتھ تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان مائننگ،منرلز اور توانائی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان عالمی شراکت داری پر یقین رکھتا ہے۔
امریکی وزیر جان مارک پومرشائم نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ پاکستان کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔











