اسلام آباد،25 فروری (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق ہوا کہ لیگل مائیگریشن کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی سکلڈ لیبر فورس کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اطالوی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطالبے پر پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزہ سے استثنیٰ دینے کی بات کی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انسداد منشیات و انسانی سمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے موثر اقدامات سے آگاہ کیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستانی وزارت داخلہ کی موثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔











