دوحہ، 25 فروری ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیاسی مصروفیات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے لئے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کثیر الجہتی فورمز کے اندر قریبی تعاون کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور قطر کے اپنی مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور ان کے مضبوط سیاسی تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا جسے امیر قطر نے بخوشی قبول کر لیا۔ یہ دورہ اسی سال ہو گا۔











