وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد کے تھانوں کا دورہ

14

اسلام آباد، 19 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے تھانہ کوہسار، زیر تعمیر ویمن پولیس سٹیشن جی سکس اور زیر تعمیر تھانہ کورال کا معائنہ کیا۔

وزیر داخلہ نے تھانہ کوہسار کی نئی عمارت میں فراہم کردہ جدید سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانہ کوہسار میں فرنٹ ڈیسک اور دیگر سیکشنز دیکھے اور سائلین کے لیے مزید سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویمن پولیس سٹیشن جی سکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے تھانہ کورال کی نئی عمارت کو 2 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ نظام کو عوام دوست بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تھانوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔