اسلام آباد، 23فروری(اے پی پی): بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت لائیو ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ یہ اقدام ماں اور بچے کی صحت و غذائیت میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی ترقی اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق خاندانوں، خصوصاً ماؤں اور بچوں کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ لائیو ڈیش بورڈ کے اجرا سے پروگرام کی نگرانی مزید مؤثر اور مربوط ہو جائے گی، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی، اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔











