لاہور۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کا ویژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے،ملکی تر قی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے، 2025 تک کے تمام سپرنگ سیشنز کے طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔
ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے پیر کے روز انجینئرنگ یونیورسٹی آف لا ہور (یو ای ٹی)میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کر نے کی تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مو جودہ حکو مت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی،تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرے گی،ہم چاہتے ہیں کہ غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی آگے بڑھیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکو مت کی جا نب سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس(اے آئی)کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے،آئی ٹی پروگرامز اور انٹر پرینیور ادارے قائم کئے جا چکے ہیں،اب طلبہ کوڈنگ کے ذریعے گھر بیٹھے روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے کیونکہ لیپ ٹاپ کی دنیا انقلاب کی دنیا ہے،طلبہ کو چاہیے کہ وہ لیپ ٹاپ سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔
وفاقی وزیر نے طلبہ کو مخا طب کر تے ہو ئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے دور رہیں اور اپنی توانائیاں تعلیم و تحقیق پر مرکوز کریں،آج کل فیک نیوز کے ذریعے ریاست اور اداروں کے درمیان بد اعتمادی پیدا کی جا رہی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کی اصل ترقی و قوت ہیں،ان کی وجہ سے ہی ملک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اسی ادارے( یوای ٹی )سے تعلیم،عزت اور مقام ملا،جسے وہ کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پا کستان نے بھارت کو معرکہ بنیان مرصوص میں نہ صرف ناکوں چنے چبوائے بلکہ آئی ٹی کے میدان میں بھی دھول چٹوا دی،اس جنگ میں آپ نوجوانوںکا کردار بہت نما یاں ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی تر قی کے حوالے ہمارا عزم بہت بلند ہے،اب ہم نے دشمن سے معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے جس کیلئے ملک میں پالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی طاقت ایٹمی صلاحیت ہے جبکہ معاشی طاقت کا سر چشمہ آپ نوجوان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ما ضی میں ملکی ترقی کا راستہ روک کر مصنوعی تبدیلی لانے کی سازش کی گئی،قوم کو چور ڈاکو کی گردان سکھائی گئی،سی پیک گیم چینجر منصوبہ تھا اسے سبوتاژ کیا گیا جس کا نتیجہ آج قوم کے سا منے ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج اندرونی استحکام کی ضرورت ہے،ایٹمی صلا حیت کی بدولت پاکستان لوہے کا وہ چنا بن گیا ہے جسے چبایا نہیں جا سکتا،اب ملک میں ترقی کی دو بارہ آوازیں آ رہی ہیں۔
قبل ازیں، وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کیا۔ اس مو قع پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے یوتھ رضوان انور نے بھی لیپ ٹاپ اسکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں769 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال،وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے یوتھ رضوان انور نے بھی طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔اس موقع پر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال اور فوکل پرسن رضوان انور کو سوینئرز بھی پیش کیں۔











