اسلام آباد، 13 فروری (اے پی پی ):پاکستان سویٹ ہوم اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اشتراک سے آج ایچ نائن اسلام آباد میں ایک خصوصی آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد بچوں کو ووٹ ڈالنے کے طریقۂ کار، انتخابی قوانین اور جمہوری ذمہ داریوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
“یوتھ ووٹر ڈرائیو” کے عنوان سے منعقدہ اس سرگرمی میں بچوں کو عملی انداز میں ووٹنگ کے مراحل سے روشناس کرایا گیا، جن میں ووٹر کی شناخت، بیلٹ پیپر کا درست استعمال اور ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ شامل تھا۔ بچوں نے اس تربیتی سرگرمی میں بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لیا اور جمہوری عمل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر زمرد خان، پیٹرن اِن چیف و سی ای او پاکستان سویٹ ہوم، نے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ ادارے نے سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے اس نوعیت کی بامقصد سرگرمی کا انعقاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے آگاہی و تربیتی سیشنز بچوں کو مستقبل میں ایک ذمہ دار شہری بننے اور اپنے حقِ رائے دہی کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
تقریب میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سبین خٹک بھی شریک ہوئیں۔ انہوں نے نہ صرف آگاہی ڈرائیو کے مختلف مراحل کا تفصیلی مشاہدہ کیا بلکہ بچوں کے ساتھ گھل مل کر ان کے سیکھنے کے عمل میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے زمرد خان سے ملاقات کی، جس میں بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیمی و شعوری سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔ انہوں نے بچوں کے اعتماد، جوش اور جمہوری شعور کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔











