پاک بحریہ کے نئے بحری جہاز ‘پی این ایس خیبر’ کا دورہ ترکیہ،مشترکہ بحری مشقوں میں شرکت

14

راولپنڈی،13فروری  (اے پی پی):پاک بحریہ کے نو شامل شدہ اسٹیٹ آف دی آرٹ جہاز ‘پی این ایس خیبر’ نے ترکیہ سے پاکستان کے اپنے پہلے سفر کے دوران اکساز نیول بیس کا دورہ کیا اور ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔

پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک سدرن سی ایریا کمانڈر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے علاقائی استحکام کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں، ترک سدرن سی ایریا کمانڈر اور کمانڈر اکساز نیول بیس نے دیگر افسران کے ساتھ پی این ایس خیبر کا معائنہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بندرگاہ کے دورے کے بعد، پی این ایس خیبر نے ترک بحریہ کے جہاز ‘ٹی سی جی ہیبلی آڈا’ اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق ‘ترگت رئیس میں شرکت کی۔

ان مشقوں کا مقصد مشترکہ بحری آپریشنز کی ریہرسل کرنا،دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی  کو بہتر بنانا شامل تھا۔ مشقوں کے اختتام پر، پی این ایس خیبر اور ٹی سی جی ہیبلی آڈا نے مشرقی بحیرہ روم میں مشترکہ پیٹرولنگ  بھی کی۔