اسلام آباد، 23فروری(اے پی پی): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بینظیر نشوونما پروگرام کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے لائیو ڈیش بورڈ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ غذائی قلت پر قابو پانا اور بچوں کی بہتر نشوونما یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر سماجی تحفظ کے لیے نگرانی اور شفافیت ناگزیر ہے، اور لائیو ڈیش بورڈ اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا فوکس فیلڈ پر ہے کیونکہ زمینی حقائق کو سمجھے بغیر پالیسی سازی مؤثر نہیں ہو سکتی۔ وزارتِ صحت اور شراکت دار اداروں کے تعاون سے مانیٹرنگ کا ایک مضبوط نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پروگرام کی کارکردگی کا بروقت جائزہ لیا جا سکے گا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ملک کی ترقی اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے اور بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچے کی صحت میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔











