چیئرپرسن سی ایم ٹاسک فورس رانا منان خاں کا ڈسٹرکٹ جیل لودھراں کا دورہ، سہولیات کا جائزہ، اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت

12

لودھراں،11 فروری (اے پی پی ): چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے پنجاب پریژن ڈیپارٹمنٹ و ایم پی اے رانا منان خاں نے ڈسٹرکٹ جیل لودھراں کا تفصیلی دورہ کیا اور جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران انہوں نے جیل کچن، بیرکس، جیل ہسپتال، فارمیسی، خواتین وارڈ، سزائے موت کی بیرک اور کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، ڈی آئی جی جیل خانہ جات قاضی محمد اسلم، ڈی ایس جیل جام محمد اصغر، سید انجم شیرازی اور سپرنٹنڈنٹ جیل سہیل نبی گل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیئرپرسن ٹاسک فورس نے جیل اسٹاف کے مسائل سنے اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا منان خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں کے دورے کیے جا رہے ہیں تاکہ قیدیوں کو انسانی ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جیلوں میں کرپشن کے خاتمے اور سکلز ڈویلپمنٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور جیلوں کو اصلاح گاہوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک انقلابی اقدام کے طور پر صوبہ بھر میں جیل ملازمین سے آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی لی جا رہی ہے جبکہ محکمہ صحت کے ذریعے جیلوں میں طبی سہولیات کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

رانا منان خاں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام قیدیوں کو ان کے آبائی اضلاع کی جیلوں میں منتقل کر دیا ہے تاکہ اہل خانہ سے ملاقات میں آسانی ہو۔ دورے کے دوران انہوں نے سزائے موت کی بیرکس میں ایگزاسٹ فین نصب کرنے کی ہدایت جاری کی اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹ کا باقاعدہ پروپوزل بھجوانے کا حکم بھی دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جیلوں میں اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور قیدیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔