ملتان،3 فروری(اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کمشنر نے ایمرجنسی، سی ٹی اسکین، ریڈیالوجی اور آرتھوپیڈک وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔
اس موقع پر مریضوں اور تیمارداروں نے طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ ایک ہی روز میں نشتر ایمرجنسی میں 1050 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
دورے کے دوران کمشنر نے ایمرجنسی میں نان فنکشنل وہیل چیئرز کی فوری مرمت، وارڈز کی راہداریوں میں صفائی مزید بہتر بنانے اور ہسپتال انتظامیہ کو ڈیوٹی روسٹر ناموں سمیت نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ایمرجنسی میں لفٹس کی تنصیب کے مسئلے کو تین ہفتوں میں حل کرنے، سی ٹی اسکین ویٹنگ ایریا میں ٹوٹی بینچز اور آرتھوپیڈک وارڈ کی پینٹری میں موجود ٹوٹی شیلفس کی فوری تبدیلی کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آرتھوپیڈک وارڈز کی راہداریوں میں موجود تیمارداروں کو عارضی بیڈز کے بجائے متبادل سرائے منتقل کیا جائے جبکہ ایم ایس نشتر ہسپتال کو وہیل چیئرز کی فراہمی، بینچز و شیلفس کی تبدیلی اور آرتھوپیڈک وارڈ کے داخلی حصے کی لائٹنگ بہتر بنانے کے احکامات بھی دیے گئے۔











