کوئٹہ 01یکم فروری(اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 40 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں میں 145 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان آپریشنز کے دوران پولیس اور فرنٹیئر کور کے 16 اہلکار جبکہ پاک بحریہ کا ایک جوان شہید ہوا، جب کہ دہشتگردی کے مختلف واقعات میں 31 سویلینز جاں بحق اور زخمی ہوئے۔وزیراعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف ریاستی مؤقف میں کوئی نرمی نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ“دہشتگرد چاہے ہزار حملے کر لیں، حکومت ان کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں کرے گی۔ اگر ضرورت پڑی تو یہ جنگ ایک ہزار سال تک بھی لڑی جائے گی، مگر ریاست کی رِٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔”
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی مشینری پوری قوت سے متحرک رہے گی۔











