آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِ اعظم  شہباز شریف

11

اسلام آباد، 26 مارچ ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے، اس حوالے سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے-

 رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے اضافے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے آگاہ کیا کہ   ملکی رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، اس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی-

وزیراعظم نے  بتایا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شعبے میں سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف معیشت کا پہیہ چلے گا بلکہ روزگار کے لاکھوں مواقع  بھی پیدا ہونگے –

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے مزید فروغ کیلئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کرکے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی-

وزیراعظم نے کہا کہ حکمت عملی کی تشکیل میں تمام پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر سٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کیا جائے –

اجلاس کو تعمیرات و رہائشی شعبے پر ٹاسک فورس اور متعلقہ ورکنگ گروپس کی تجاویز پر  بھی بریفنگ دی گئی-مزید برآں ، اجلاس کو منظور شدہ اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا-

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،اقدمات سے رہائشی تعمیراتی منصوبوں میں اضافہ، معاشی سرگرمیوں کا فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے  اسکے علاوہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شعبے کی قانونی اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے، قانون سازی حتمی مراحل میں ہے جبکہ کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے کم لاگت قرضوں کے نظام کا نفاذ ہو چکا، آئندہ مرحلے میں بینکوں کو اس حوالے سے اہداف دیئے جائیں گے-بریفنگ میں بتاتا گیا کہ  ملک میں مارگیج فنانس کے پورے ایکو سسٹم کی تیاری پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ رہائشی تعمیرات کے شعبے کیلئے ڈویلپر-لیڈ فنانسنگ کا ایک جامع نظام بھی تشکیل دیا جارہا ہے-

وزیرِ اعظم نے رہائشی تعمیرات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے جامع اقدمات کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی-