اسلام آباد، 26 مارچ ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
وزیر اعظم نے “ٹو سیشنز” کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔
چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر جیانگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا، اور چین کی تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا، اور پائیدار پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا اعادہ کیا۔











