لاہور،11مارچ(اے پی پی) ازبکستان کے تاشقند ریجن کے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف کی قیادت میں اٹھارہ رکنی اعلیٰ سطحی وفد تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ازبکستان کے وفد میں تاشقند ریجن کے سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے سرمایہ کار بھی شامل ہیں جو پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے آئے ہیں۔دورے کے دوران ازبکستان کے وفد نے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (PBIT) کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے پنجاب اور تاشقند کے درمیان اقتصادی، صنعتی اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تاشقند اور پنجاب کے درمیان باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، صنعت و تجارت کے فروغ اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ازبک وفد نے پنجاب میں نجی شعبے کے ذریعے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب میں صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات خطے کے استحکام اور دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع اور سرمایہ کار دوست پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ازبکستان کے وفد میں تاشقند ریجن کے نائب گورنر برائے سرمایہ کاری، صنعت و تجارت نجم الدین خودجا شریپوف، گورنر کے مشیر برائے مقامی صنعت دلشاد رسولوف سمیت دیگر اہم حکام بھی شامل ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر خاکیمووچ تختایف، پنجاب میں ازبکستان کے اعزازی قونصل نجیب مشتاق وہرا اور ازبکستان کے سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ازبکستان کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔











