لاہور،11مارچ:( اے پی پی ) محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام قرآن کمپلیکس میں حضرت سیدنا حضرت علی المرتضیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن وامان خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور علماء کرام کی کثیر تعداد کانفرنس میں شریک ہوئی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس عظیم ہستی کا یوم شہادت منایا جارہا ہے جس کی اسلام کیلئے لازوال قربانیاں ہیں۔ حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی دین کیلئے خدمات اور قربانیاں ہمارے لئے مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات ہے جسے ترجمے کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے کی ضرورت ہے-اسلام پر امن دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صبر،برداشت اور ہمت کی تعلیم دی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو عاجزی پسند ہے تکبر بالکل نہیں تکبر کرنے والے بہت سے لیڈران کی سیاسی زندگی اور معاشرے میں عزت و احترام ختم ہوتے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری،خدمت اور برداشت کو اپنایا ہے اسلام کیلئے بھی ان کی بہترین خدمات ہیں جب پاسپورٹ میں مذہب کا خانہ نکالنے کی بات ہوئی تو چوہدری شجاعت حسین ڈث گئے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے ایران امریکہ جنگ کے باعث خطے کو کشیدہ صورتحال کا سامنا ہے ایران کے عوام اتحاد کی قوت سے دشمن کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں یہودی ہمارے دشمن ہیں جن پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں افغانستان کی سر زمین استعمال ہو رہی ہے-انٹیلیجنس کی بنیاد پر پاکستان کی افواج دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ محکمہ میں اصلاحات کیلئے شاندار کام کر رہے ہیں ان کے اقدامات کے باعث کیش باکسر کی آمدن میں کئی گنا اضاف ہوا ہے۔ نگران حکومت سے پہلے والی حکومت کے دور میں اوقاف کی زمینوں پر قبضے کئے گئے اوقاف کی اربوں روپے کی زمینیں ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے بھر پور مہم جاری ہے-محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹائز یش بھی کی جارہی ہے۔ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام جاری ہے۔مولانا عبد الخبیر آزاد،علامہ زبیر احمد ظہیر،مفتی انتخاب احمد نوری،علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علماء کرام نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔کانفرنس کے اختتام پرملک کی ترقی،سالمیت اور استحکام کے لئے دعا کی گئی۔سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی











