اسلام آباد، 16مارچ (اے پی پی):حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیرِ اہتمام وفاقی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے دوران منعقد ہونے والے دورۂ قرآن کے پروگرامات بروز اتوار اختتام پذیر ہوگئے۔ اس سال اسلام آباد میں 300 سے زائد مقامات پر دورۂ قرآن اور شارٹ کورسز کے حلقہ جات قائم کیے گئے، جن میں سے 48 خصوصی مراکز نوجوان بچیوں کے لیے قائم کیے گئے تھے، تاکہ انہیں قرآن کریم کے عالمگیر پیغام سے روشناس کروایا جا سکے۔
“ہر دل تک قرآن” کے عنوان سے منعقدہ دورہ قرآن کا پروگرام اس سال ہزاروں مقامات پر ایک منفرد انداز میں 25 شعبان سے 25 رمضان تک مسلسل تیس روز جاری رہااور ملک بھر میں ایک ہی وقت میں پر شروع ہو کر ایک ہی وقت اپنی تکمیل کو پہنچا۔اس دوران مختلف علاقوں اور محلوں میں خواتین کی بڑی تعداد نے ان حلقہ جات میں شرکت کی اور قرآنِ مجید کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کی۔
اس سال اس پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ پاکستان بھر میں ہزاروں مقامات پر دورۂ قرآن کا آغاز ایک ہی دن اور ایک ہی وقت پر کیا گیا اور اسی ترتیب کے ساتھ اس کا اختتام بھی بیک وقت ہوا، جو ملک میں پہلی مرتبہ ممکن ہوا۔
بعض مقامات پر چھوٹے بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد بچوں کو کھیل اور تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے قرآن کی تعلیمات سے روشناس کرانا تھا۔ ان سرگرمیوں میں حصہ لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
دورۂ قرآن میں شریک خواتین کے تاثرات نہایت مثبت رہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس ایک ماہ کی قرآنی تربیت نے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کی اور انہیں قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی نئی تحریک ملی۔
اس موقع پر ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد، قدسیہ ناموس، اپنے قریبی حلقے میں منعقدہ تقریبِ تکمیلِ قرآن میں شریک ہوئیں۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کا پیغام ایک آفاقی اور ہمہ گیر پیغام ہے۔ آج سے چودہ سو سال قبل قرآن پر عمل کے نتیجے میں اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب رقم ہوا تھا، اور یہی نتائج آج بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں بشرطیکہ خلوصِ نیت کے ساتھ قرآن کو پڑھا، سمجھا اور اس پر عمل کیا جائے اور اسے انفرادی و اجتماعی زندگی کا دستورِ حیات بنایا جائے۔











