رمضان میں گراں فروشی پر زیرو ٹالرنس، ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں، میٹرو سپر سٹور اور دیگر کو جرمانے

12

ملتان،16 مارچ (اے پی پی):  ماہِ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور بڑے شاپنگ مالز و سٹورز کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر نے پیرا فورس کے ہمراہ مختلف شاپنگ پلازوں اور سٹورز کا اچانک دورہ کیا۔ چیکنگ کے دوران اشیائے خوردونوش کی ناقص کوالٹی اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کرنے پر کارروائی کی گئی۔گراں فروشی پر میٹرو سپر سٹور کو ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ  چیز اپ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف سٹورز میں سرکاری نرخنامے آویزاں نہ ہونے اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر وارننگ بھی جاری کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑے شاپنگ پلازوں اور سٹورز کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے اور معیار برقرار رکھنے کا الٹی میٹم بھی دیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔