اسلام آباد میں پولن الرجی کی تشخیص اور علاج کے لیے مفت طبی کیمپ، 700 سے زائد شہریوں کا معائنہ

16

اسلام آباد، 6 مارچ (اے پی پی): ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی جانب سے کمیونٹی سینٹر جی۔6 آبپارہ میں پولن الرجی کی تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہریوں کو بروقت تشخیص، مفت طبی سہولیات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔

کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ طبی عملے کی نگرانی میں شہریوں کو الرجی ٹیسٹ، مفت ادویات اور طبی رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ وہ پولن الرجی کی علامات کو بروقت پہچان سکیں اور مناسب احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔ کیمپ کے دوران 700 سے زائد شہریوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر شہریوں کو پولن الرجی کی عام علامات جیسے چھینکیں، ناک بہنا، آنکھوں میں خارش یا پانی آنا اور سانس لینے میں دشواری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ پولن کے موسم کے دوران غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں، آنکھوں کی حفاظت کریں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد موسمی الرجیز کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے اور شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ شہری بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پولن کے موسم کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی الرجی کی علامات ظاہر ہونے پر قریبی صحت مرکز سے رجوع کریں۔ شہریوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات اور آگاہی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزارت قومی صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔