اقوامِ متحدہ،03 مارچ (اے پی پی): اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے “تنازعات میں بچے، ٹیکنالوجی اور تعلیم” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے مقبوضہ علاقوں میں جنگ و جدل کے شکار لاکھوں بچوں کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ انہوں نے امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے تعلیمی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اورمصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال سے تنازعات زدہ علاقوں میں فاصلاتی تعلیم کے ذریعے تعلیمی تسلسل برقرار رکھا جا سکتا ہے،تاہم ڈیجیٹل ماحول میں بچوں کو پروپیگنڈے اور استحصال سے بچانا بھی ناگزیر ہے۔ مندوب عاصم افتخار نے واضح کیا کہ اگرچہ ٹیکنالوجی ایک اہم ڈھال ثابت ہو سکتی ہے،لیکن بچوں کے حقوق کے تحفظ کا اصل اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے مطابق دیرینہ تنازعات کا پرامن حل نکالنے میں ہی پنہاں ہے۔











