بادشاہی مسجد میں عیدالفطر کی نماز، ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں

18

لاہور، 21 مارچ (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بادشاہی مسجد میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ نماز کے بعد دونوں رہنماؤں نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے اپنے پیغامات میں عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ ساتھ نادار اور مستحق افراد کے ساتھ بھی بانٹیں اور ملک کی بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ایل ڈبلیو ایم سی اور لی پارک کے ورکرز میں تحائف بھی تقسیم کیے اور ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وہ تمام اہل وطن اور امت مسلمہ کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہمیں باہمی محبت، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے غریب بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ عید سب کے لیے خوشیاں اور رحمتیں لے کر آئے۔