فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کرم کا دورہ، عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی

14

اسلام آباد، 21 مارچ (اے پی پی): فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر  نے کرم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عیدالفطر فوجی جوانوں اور افسران کے ساتھ منائی۔فیلڈ مارشل نے عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے انہیں عید کی مبارکباد دی اور ملکی دفاع میں ان کی غیر متزلزل لگن بلند حوصلے اور مثالی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے جوانوں کی بہادری اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن غضب للحق کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کی تعریف کی جو دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے اور سرحدی علاقوں میں دیرپا امن کے قیام کے لیے جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کامیابیاں قوم کے شہداء کی عظیم قربانیوں اور افسران و جوانوں کے غیر متزلزل عزم کا نتیجہ ہیں جو قومی سلامتی کے لیے وقف ہیں۔انہوں نے جوانوں کی ثابت قدمی پر فخر کا اظہار کیا اور مسلح افواج کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

آمد پر فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔