اسلام آباد،26 مارچ (اے پی پی): بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستان مخالف غیر مہذب بیان پر بھارت میں کڑی تنقید ہو رہی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے بی جے پی اور مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان بھارتی کانگریس ڈاکٹر شمّع محمد نے نازیبا بیان کو سفارتی ناکامی قرار دیا ہے۔
کانگریسی ممبر سپرِیا شری نیتے نے کہا کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے منتخب کیا جانا اور بھارت کا باہر رہنا مودی حکومت کی ناکامی ہے۔ کانگریسی ممبر پون کھیرا نے کہا کہ مودی کی روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کی کوشش کے وقت کیا بھارت ایک بروکر ملک نہیں تھا؟بھارتی تجزیہ نگار اشوک سوائن نے کہا کہ جے شنکر کے نازیبا الفاظ محض سڑک کی زبان ہے، کسی وزیر خارجہ کے شایانِ شان نہیں۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ جے شنکر کا حالیہ بیان اپریل 2022 میں روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کی خواہش والے بیان سے یکسر متصادم ہے۔ یہ بیان ہزیمت چھپانے کا ایک دفاعی ردعمل ہے۔ حالیہ خلیجی بحران میں بھارت کو مرکزی کردار نہ ملنا بھارت کی سفارتی ناکامی ہے۔











