راولپنڈی،27مارچ (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں عالمی توانائی بحران کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چکلالہ اسکیم تھری، ولایت کالونی، اسٹریٹ 3A میں نئی مکمل ہونے والی سوئی گیس پائپ لائن کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کا ثالث کے طور پر کردار نمایاں ہوا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی حیثیت کو مضبوط بنایا ہے اور دنیا پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی ضروریات کے مطابق شروع کیے گئے ہیں اور ان کی خود نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ان کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
تقریب میں شریک علاقہ عمائدین اور مکینوں نے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس پائپ لائن ان کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل سے علاقے میں بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔











