ریلوے نظام معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم

13

اسلام آباد، 18 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کا نظام ملک کی معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے ملک بھر کے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو ناگزیر ہے جبکہ علاقائی تجارت و روابط کے فروغ کے لیے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جزو ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان ریلویز کو مال برداری کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت کے لیے اشیاء کی نقل و حمل میں ریلوے کی فریٹ سروس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔

اجلاس کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال فریٹ سروس میں 21 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مین لائن ون کے پہلے مرحلے کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے جبکہ انجینئرنگ ڈیزائن، ماحولیاتی اثرات سے متعلق فیلڈ سروے اور زمین کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تھر ریل کنیکٹیویٹی منصوبے پر 57 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مین لائن تھری کے روہڑی تا نوکنڈی سیکشن کی اپ گریڈیشن بلوچستان سے معدنیات کی ترسیل کے حوالے سے ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے لیے ڈیزائن کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں اور پی سی ون بھی تیار ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے جس کے تحت رابطہ ایپلی کیشن، کیش لیس ٹکٹنگ اور ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی فراہمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ فریٹ مینجمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل ویئنگ بریجز اور رولنگ اسٹاک ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے فریٹ سروسز کے معیار اور شفافیت میں بہتری آئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔