وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کا کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 اختتام پذیر

11

اسلام آباد ، 18 مارچ ( اے پی پی): سی ڈی اے کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا

سی ڈی اے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کے میل اور فی میل کیٹگریز کے فائنل میچز اور اختتامی تقریب نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

میل کیٹیگری میں فائنل میچ G-10 جنون کرکٹ کلب نے جیت لیا جبکہ F-8 جےجے کرکٹ ٹیم رنرز اپ رہی ۔

خواتین ایونٹ کا ٹائٹل F-6 میورکس نے 6 وکٹوں سے جیتا جبکہ F-10 یونائیٹڈ کرکٹ ٹیم رنرزاپ رہی ۔

میل کیٹیگری میں منیب مقبول پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائےجبکہ فیمیل کیٹیگری میں فجر نوید پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام اباد محمد علی رندھاوا تھے۔انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

میل کیٹیگری میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے شرکت کی جس میں اسلام آباد کے ٹاپ آٹھ کلب شامل تھے۔دو ٹیمیں چیئرمین سی ڈی اے الیون اور منسٹر الیون پورے پاکستان سے اوپن ٹرائلز کے ذریعے سی ڈی اے نے منتخب کی تھی۔

خواتین کی کیٹیگری میں 6 ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی جو پورے پاکستان پر مشتمل ٹیلنٹڈ خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد منتخب کی گئی۔میل کیٹگری میں بیسٹ بالر کا ایوارڈ اسامہ آفریدی کے نام آیا۔بہترین بلے باز کا ایوارڈ ذیشان فرید کے نام رہا جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ فہد سلیم نے اپنے نام کیا۔

خواتین کے ایونٹ میں بیٹرز میں ماہم انیس نے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کیا،بالنگ کے شعبے میں نور العین بہترین بالر قرار پائیں جبکہ مہوش کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔ مجموعی طور پر 2 ملین سے زائد کے کیش پرائزز کھلاڑیوں میں تقسیم کئے گئے۔ خواتین ٹیم کی فاتح ٹیم کو 6 لاکھ روپے اور رنرز اپ کو 3 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ میل فاتح ٹیم کو 3 لاکھ اور رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایات پر خواتین ایونٹ کی انعامی رقم 3 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر سی ڈی اے نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، خواتین کیلئے کھیلوں کے مزید گراؤنڈز آباد کئے جائیں گے،  ایف سیون کی طرز پر اسلام آباد میں 8 مزید گراؤنڈز بنائے جائیں گے،کھیلوں کی سہولیات کو مزید بہتر سے بہترین بنایا جائے گا۔سی ڈی اے کے سپورٹس اینڈ کلچر ونگ بشمول فیلڈ اسٹاف اور ایمپائرز کا جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کی وہ مبارکباد کے مستحق ہیں،خصوصی طور پر سینئر صحافی حامد میر، طلعت حسین اور کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا شکر گزار جو یہاں موجود ہیں۔

 محمد علی رندھاوا  نے مزید کہا کہ یہ سینئر حضرات ہمیشہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بہترین رہنمائی فراہم کرتے ہیں، اس ٹورنامنٹ کی بدولت اپنی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کیلئے بہترین ٹیلنٹ ہنٹ کرنا ہے، خواتین کیلئے نیٹ پریکٹس کا باقاعدہ سے آغاز کیا جارہا ہے۔

حامد میر نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سی ڈی اے نے خواتین کیلئے ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا، کثیر تعداد میں بچیوں کی کرکٹ میں دلچسپی پر 6 ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا کامیاب اور دلچسپ ایونٹ دیکھنے کو ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کی جانب سے بہت ہی منفرد اور صحتمندانہ سرگرمی کو پرموٹ کیا گیا ہے، مجھے پوری امید ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے اس طرح کے مزید کرکٹ گراؤنڈز بھی بنائیں گے، کرکٹ گراؤنڈز میں خصوصی طور پر بچیوں کیلئے نیٹ پریکٹس کا انتظام کیا جائے،اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد کا سہرا چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے سر پر جاتا ہے۔