مظفرگڑھ ,15مارچ (اے پی پی ):عیدالفطر میں اب صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں اور شہر بھر میں عید کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے جبکہ درزیوں کی دکانوں، جیولری اور چوڑیوں کی دکانوں پر بھی غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
شہری بڑی تعداد میں اپنے عید کے جوڑے سلوانے کے لیے درزیوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ عید کے موقع پر نئے اور خوبصورت لباس پہن سکیں۔ خواتین جیولری اور چوڑیوں کی خریداری میں مصروف ہیں جبکہ نوجوان اور بچے بھی عید کی تیاریوں میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔تاہم سب سے زیادہ رش پشاوری چپل کی دکانوں پر دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ہر عمر کے افراد نئے کپڑوں کے ساتھ عید کے لیے نیا جوتا خریدنے کی غرض سے پشاوری چپلوں کی دکانوں کا رخ کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شلوار قمیض کے ساتھ پشاوری چپل پہننا ان کی پسندیدہ روایت ہے، اسی لیے وہ اپنی پسند کی چپل خریدنے کے لیے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ خریداری میں مصروف ہیں، جس سے بازاروں کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔











