ملتان ،15مارچ (اے پی پی ):حکومتِ پاکستان کی توانائی کی بچت اور سادگی کی پالیسی کے پیش نظر موٹرویز اور ہائی ویز پر رفتار کی حد میں نظرِ ثانی کر دی گئی ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کے لیے رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل (HTV) اور مسافر بسوں (PSV) کے لیے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں موٹروے ایم فور خانیوال، بیٹ 21 میں ڈی ایس پی سہیل افضل کی نگرانی میں روڈ یوزرز کو آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ موٹروے جوائن کرنے والی ٹریفک اور ٹال پلازہ سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کو نئی حدِ رفتار کے بارے میں بریفنگ دی جا رہی ہے۔
مزید برآں ٹال پلازہ اور مختلف مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ روڈ فرنیچر پر بھی نئی اسپیڈ لمٹ واضح طور پر درج کر دی گئی ہے تاکہ ڈرائیور حضرات حکومتی ہدایات سے آگاہ رہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بچت، توانائی کے مؤثر استعمال اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔











