اسلام آباد، 21 مارچ ( اے پی پی): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کے پہلے روز جہاں ہر سو خوشیوں کا سماں ہے، وہیں شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے مرحوم پیاروں کو یاد کرنے کے لیے قبرستانوں کا رخ کیا۔
شہریوں نے اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی و خصوصی دعائیں کیں۔
اسلام آباد میں عید کی نماز کے فوراً بعد شہر کے مختلف قبرستانوں، بالخصوص ایچ ایٹ اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے قبرستان کا دورہ کیا۔ جہاں شہری اپنے بچھڑ جانے والوں کی کمی محسوس کرتے ہوئے آبدیدہ نظر آئے۔
اس موقع پر قبرستانوں کے باہر پھولوں اور اگر بتیوں کے اسٹالز پر بھی رش رہا، شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں اپنے ان پیاروں کی یاد کے بغیر ادھوری ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں رہے، اسی لیے وہ ہر عید کے پہلے روز سب سے پہلے یہاں آکر ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہیں۔











