سکھر۔ 21 مارش(اے پی پی): ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی عید کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم، بالخصوص سکھر کے عوام، بچوں، بزرگوں اور تمام اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ عید کا دن ہمیں محبت، بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، غریبوں اور مستحق افراد کو یاد رکھنے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امتِ مسلمہ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ فلسطین بالخصوص غزہ میں معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر ہونے والے مظالم انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں، جبکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور ایران سے متعلق صورتحال بھی باعث تشویش ہے۔ ایسے حالات میں ہمیں بطور مسلمان اتحاد، صبر اور دعا کا دامن تھامنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کریں، نفرتوں کو ختم کریں اور امن، محبت اور رواداری کو فروغ دیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور جہاں ممکن ہو ان کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہم سب کو مل کر اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر خوشیوں کے ساتھ ساتھ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ آخر میں انہوں نے ایک بار پھر تمام اہلِ وطن کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حقیقی خوشیاں عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات سے نجات دے۔











