فیڈرل گولف ایسوسی ایشن کے سال 2025 تا 2029 کے لیے نئے عہدیداران کے انتخاب کا عمل مکمل

14

اسلام آباد، 18 مارچ ( اے پی پی): فیڈرل گولف ایسوسی ایشن  کے سال 2025 تا 2029 کے لیے نئے عہدیداران کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا،ماری انرجیز کے ایم ڈی اور سی ای او فہیم حیدر کو ایسوسی ایشن کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

فہیم حیدر پیٹرولیم انجینئرنگ کے شعبے میں 28 سالہ وسیع بین الاقوامی تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ماری پیٹرولیم میں اہم انتظامی عہدوں پر فائز ہیں اور اب وہ اگلے چار سالوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں گولف کے امور کی نگرانی کریں گے۔

 ان کے ہمراہ ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی سینئر نائب صدر، ابرار خان نائب صدر، بریگیڈیئر سمیر اشرف شیخ اعزازی سیکرٹری، بلال طارق خان اعزازی خزانچی اور سید عامر گیلانی اعزازی جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ ان انتخابات کا انعقاد پاکستان اسپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی زیرِ نگرانی مینیجر پاکستان گولف فیڈریشن ملک محمد کامران نے کیا۔

پی جی ایف نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے خطے میں کھیل کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔