ملتان ایونیو پر جلد الیکٹرک پولز نصب کرنے اور غیر منظور شدہ عمارتوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

24

ملتان،9مارچ(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں سڑک کی بہتری اور دیگر انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کے سینٹرل میڈین میں الیکٹرک پولز نصب کرنے کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دس روز کے اندر اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے تاکہ شاہراہ پر روشنی کے بہتر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔انہوں نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اور ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ غیر منظور شدہ کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔ کمشنر نے کہا کہ تمام غیر منظور شدہ عمارتوں کو نوٹس جاری کر کے ان کے نقشے منظور کروائے جائیں تاکہ سروس روڈز پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ایم ڈی اے اور ضلع کونسل کو غیر منظور شدہ عمارتوں کا فوری سروے مکمل کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ سروے کے بعد متعلقہ مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ شہری نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی اور ایکسئن حیدر علی نے کمشنر کو منصوبے اور جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔