ملتان بورڈ آف گورنرز اجلاس: امتحانی مراکز پر بائیو میٹرک نظام مزید مؤثر بنانے اور آئی ٹی انویجیلیٹرز کی تعیناتی کی منظوری

14

ملتان,14 مارچ )اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف انتظامی اور امتحانی امور سے متعلق ایجنڈا زیر غور لایا گیا۔

اجلاس میں بورڈ کے 383ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی جبکہ شرکاء کو حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات بی آئی ایس ای ملتان کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز نے امتحانی مراکز پر بائیو میٹرک حاضری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئی ٹی انویجیلیٹرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ حساس امتحانی مراکز پر شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نجی الحاق شدہ اداروں میں ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی امتحانی مراکز کے قیام کی توثیق بھی کی گئی۔

اجلاس کے دوران بلیک لسٹ امتحانی مراکز کی بحالی سے متعلق چیئرمین کے اقدام کی منظوری دی گئی جبکہ امتحانات کے دوران بعض عملی لیبارٹریز کی تبدیلی کے فیصلے کی بھی توثیق کر دی گئی۔

بورڈ اجلاس میں سرکاری گرلز ہائی سکول مبارک پور کبیر والا کے طلبہ کے داخلہ فارمز کے معاملے پر بھی غور کیا گیا جبکہ سابقہ آئیڈیل کالج ملتان کے طلبہ کے مسائل سے متعلق ایجنڈا بھی زیر بحث آیا۔ بورڈ آف گورنرز نے ایکس آئیڈیل کالج ملتان کے طلبہ کو مزید ریلیف دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ طلبہ بقایا فیس کا صرف 20 فیصد جمع کروا کر اپنا رزلٹ حاصل کر سکیں گے جبکہ باقی 80 فیصد بقایا فیس رزلٹ کے اعلان سے قبل جمع کروانا ہوگی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ بورڈ کے شیڈول کے مطابق سیکنڈ ایئر کے داخلے بھی بھیج سکیں گے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کو 25 فیصد فیس جمع کروانے کی رعایت دی گئی تھی۔اجلاس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی سمیت بورڈ کے دیگر ممبران بھی شریک تھے۔