ملتان میں سرکاری ہسپتالوں پر کڑا کریک ڈاؤن، ڈپٹی کمشنر کا شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ

20

ملتان, 2 مارچ)اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات کی بہتری کیلئے کڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا اور مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فارمیسی کا ریکارڈ اور ادویات کا سٹاک بھی چیک کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔معائنے کے دوران صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے وارڈز، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی سخت ہدایت جاری کی اور عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اچانک انسپکشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔