ملتان میں عیدگاہ کے بالمقابل جدید پارک کی تعمیر، شہریوں کو تفریحی اور سرسبز ماحول فراہم کیا جائے گا

16

ملتان, 7 مارچ)اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عیدگاہ کے بالمقابل زیر تعمیر پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر اتھارٹی سید وسیم حسن نے انہیں منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر کے وسط میں شہریوں کیلئے ایک خوبصورت اور جدید پارک تیار کیا جا رہا ہے جو عوام کو تفریح اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارک میں لینڈ سکیپنگ، خوبصورت پودے، واکنگ ٹریک اور شہریوں کے بیٹھنے کیلئے خصوصی جگہیں بنائی جائیں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارک میں لینڈ سکیپ ورک اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور گرین ایریاز کی بہتری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اسی سلسلے میں شہر میں مزید پارکس قائم کیے جائیں گے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پارک کی تعمیر پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ اسے جدید اور دیدہ زیب انداز میں تیار کیا جائے گا۔ ہارٹی کلچر اتھارٹی ملتان شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔