ملتان میں 25.8 ارب کے سیوریج میگا منصوبے، ایک سال میں مسائل میں نمایاں کمی کا امکان

18

ملتان: 28 مارچ (اے پی پی ):پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں سیوریج کے میگا منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے واسا کے 25.8 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اہم اجلاس میں اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور سیاسی نمائندگان کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ایم پی اے سلمان نعیم، حاجی جاوید اختر انصاری، ملک عبدالغفار ڈوگر سمیت ڈاکٹر اختر ملک، احمد حسین ڈیہڑ، شیخ طارق رشید، شہزاد مقبول بھٹہ اور سید بابر شاہ شریک ہوئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے 232 کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی جبکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے دو اہم واسا ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔ اولڈ شجاع آباد روڈ پر جدید ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر بھی جاری ہے جو سیوریج مسائل کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایم پی اے سلمان نعیم نے کہا کہ حکومت پنجاب سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے متحرک ہے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ جون سے قبل واسا کو جدید مشینری فراہم کر دی جائے گی جس سے صفائی اور نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔بریفنگ کے مطابق ایک سال کے اندر میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد شہر میں سیوریج مسائل میں واضح کمی متوقع ہے جبکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 400 واٹر پیوریفکیشن پلانٹس پہلے ہی فعال کیے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔