ملتان,2 مارچ (اے پی پی ):کمشنر عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال ملتان کے ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال اور مریضوں کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات کے بارے میں براہِ راست استفسار کیا۔ مریضوں نے علاج معالجہ اور ادویات کی باقاعدہ فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے بہتر معیار کی کرسیوں کی فوری فراہمی کی ہدایت جاری کی تاکہ عملے کو ڈیوٹی کے دوران بہتر سہولت میسر آسکے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نشتر ہسپتال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی میں لفٹس کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو اپریل 2026 کے پہلے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ کی مجموعی صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔











