اسلام آباد،29مارچ (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے دفترِ خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے ملاقات کی ہے۔
ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کی جاری کوششوں پر مشاورت کے لیے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ان مذاکرات نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تذویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ پیش رفت، بشمول ایران کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تذویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔











