گلگت ، 29 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئرامیر مقام نے گلگت میں حالیہ ناخوشگوار واقعات کے دوران نظرِ آتش کیے جانے والے اقوام متحدہ کے دفتر اور دیگر متاثرہ املاک کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر گلگت، کرنل یاسر نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی اور حالیہ واقعات کے دوران دفتر اور دیگر عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے موقع پر نقصانات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اداروں کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کی مکمل نشاندہی کر کے انہیں قرارِ واقعی سزا دی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری امورِ کشمیر ظفر حسن اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد بھی موجود تھے۔











