نیوٹیک کے تحت وزیر اعظم اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام کے دوسرے بیج کے طلبہ کی ٹریننگ مکمل، ویزا اجراء کی تقریب کا انعقاد

15

اسلام آباد، 2مارچ(اے پی پی): نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام وزیر اعظم اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام کے دوسرے بیج کے طلبہ کی خصوصی تربیت کی تکمیل اور ویزا اجراء کی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 نیو ٹیک کی جانب  سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں چیئرپرسن نیوٹیک  گل مینہ بلال ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان اور تربیت مکمل کرنے والے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ اوورسیز روزگار کیلئے اس نوعیت کی خصوصی اور سپیشلائزڈ تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو بین الاقوامی اداروں میں بہترین ملازمتیں اور دیگر ممالک کے ورکرز کے مساوی معاوضہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر فورس کو بیرون ملک مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجا جانے والا زرمبادلہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تین سو سے زائد نوجوان اس مرحلے میں بیرون ملک جا رہے ہیں جبکہ یہ پروگرام کا دوسرا بیج ہے۔ آئندہ مرحلے میں تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے والے نوجوان پاکستان کے سفیر بن کر جائیں اور اپنے ہنر اور مثبت رویے سے ملک کا نام روشن کریں۔چیئرپرسن نیوٹیک گل مینہ بلال نے کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام کی کامیابی میں نیوٹیک ٹیم نے دن رات محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نیوٹیک کا کردار صرف ریگولیٹری امور اور تربیت تک محدود تھا تاہم اب ادارہ نتائج پر مبنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تربیت کے بعد نوجوانوں کو باقاعدہ روزگار ملے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ’’پلگ اینڈ پلے‘‘ ہنرمند نوجوان درکار ہیں جو بین الاقوامی جاب مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ یہ دوسرا بیج ہے جس کے تحت ہنرمند لیبر بیرون ملک بھجوائی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک نوجوانوں کا رویہ، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل آئندہ ڈیمانڈ سے براہ راست منسلک ہو گا۔ وزیر اعظم کی جانب سے دس ہزار نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں پانچ ہزار نوجوانوں کی تربیت کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے آغاز میں بعض خامیاں رہ گئیں جنہیں دور کرنے کے لیے ریگولر اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیوٹیک کی ٹیم تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے شعبے میں بعض عناصر کی وجہ سے بدنامی بھی ہوئی تاہم حکومت شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بزنس اور ایگریکلچر کے لیے دس لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ اسکیم متعارف کرائی ہے تاکہ نوجوان بیرون ملک جا کر مالی دباؤ کا شکار نہ ہوں۔ تربیت یافتہ افراد کے لیے بیرون ملک ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ لاکھوں پاکستانی ورکرز اس سہولت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے نوجوان صرف ملازمت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کا چہرہ بن کر جا رہے ہیں، اگر ان کا رویہ مثالی ہو گا تو مزید مواقع کے دروازے کھلیں گے۔ ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی اور غلط معلومات کی بنیاد پر سفر کرنے سے پابندیاں لگتی ہیں جس سے ملک کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ سکلز کی تربیت بھی دی گئی ہے تاکہ نوجوان بین الاقوامی ماحول میں بہتر انداز سے خود کو منوا سکیں۔انہوں نے کہا کہ یوتھ ایمپلائمنٹ لیبر پالیسی کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے جس کے تحت ملازمتوں میں 35 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پاکستان کے اندر ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے گی اور نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔