ملتان 03 مارچ )اے پی پی): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے ایم بی بی ایس امتحانات کے سلسلہ میں قائم امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل، سیکیورٹی انتظامات اور شفافیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کو مکمل نظم و ضبط اور شفافیت کے ساتھ منعقد کیا جائے تاکہ طلبہ کو سازگار اور منصفانہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں وائس چانسلر نے فارماکولوجی ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے تدریسی و انتظامی امور کا جائزہ لیا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے فیکلٹی ممبران کی کارکردگی کو سراہا اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی لائبریری کا بھی معائنہ کیا اور طلبہ و اساتذہ کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جدید کتب اور ریسرچ میٹریل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی تعلیم کے لیے مضبوط تعلیمی و تحقیقی ماحول ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیمی معیار، شفافیت اور انتظامی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔











